جب بھی موسم انگڑائی لیتا ہے تو کپڑوں سے لے کر میک اَپ تک ہر چیز میں تبدیلی آجاتی ہے۔ سردیوں کی بات کریں تواس موسم میں کپڑوں کا انتخاب گرمیوں کے مقابلے میں زیادہ مشکل معلوم ہوتا ہے کیونکہ ایک طرف موسم کے اثرات کا خیال رکھا جاتا ہے تو دوسری جانب فیشن ٹرینڈپر عمل کرنا بھی لازمی ہوتا ہے۔ یعنی کپڑے پہننے میں گرم بھی ہوں اور دیکھنے میں اسٹائلش اور ٹرینڈی بھی۔ آجکل کے فیشن ٹرینڈز کی بات کریں تو خواتین مغربی انداز زیادہ اپنائے نظر آتی ہیں۔
اگر آپ بھی کیا پہنیں اور کیا خریدیں کی کشمکش میں مبتلا ہیں تو آج کی تحریر اس کشمکش کو دورکرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ فیشن ایکسپرٹس کی جانب سے فیشن کی دلدادہ خواتین کیلئے موسم سرما میں کون سے ٹرینڈز تجویز کیے گئے ہیں۔
اسٹیٹمنٹ کوٹ
موسم سرما کے نئے ٹرینڈ پر عمل کرنے کے لیے آپ کواپنے سیاہ یا سادہ کوٹ کو پہننے سے اجتناب کرنا ہوگا کیونکہ ایکسپرٹس کی جانب سے اس موسم کے لیے سادہ کے بجائے اسٹیٹمنٹ کوٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے فیشن ڈیزائنرز کی رائے ہے کہ عوام کی اکثریت سرد موسم میں شوخ اور کھلتے رنگوں کو زیادہ پسند کرتی ہے، لہٰذا سیاہ جینز یا سیاہ ٹاپ کے ساتھ مختلف پرنٹس والے اسٹیٹمنٹ کوٹ کا انتخاب آپ کے آؤٹ فٹ کوایک خوبصورت اور منفرد لُک دے گا۔اب یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ نے اسٹیٹمنٹ کوٹ پہننا ہے یا پھر کوئی عام کوٹ۔
ٹونل ڈریسنگ
موسم سرما کا دوسرا اہم ٹرینڈ ٹونل ڈریسنگ ہے۔ اس سے مراد ڈریسنگ کے لیے سر سے پاؤں تک ایک ہی شیڈ کے مختلف کلرز کا انتخاب ہے، مثلاً لائٹ پرپل اور ڈارک پرپل۔ فیشن ایکسپرٹس ٹونل کلرز کوکنٹراسٹنگ کلر (مثلاً لال اور ہرے) کا متبادل قرار دیتے ہیں۔
ٹونل ڈریسنگ کے حوالے سے فیشن ڈیزائنر آئیکن کا کہنا ہے کہ ٹونل ڈریسنگ عام ڈریسنگ سے قدرے مختلف ہے ، جو نہ صرف آپ کو فیشنسٹا خواتین کی فہرست میں شامل کردے گی بلکہ آپ خوش لباس اور خوبصورت بھی معلوم ہوں گی۔ بس آپ نے اس بات کا خیال رکھنا ہے کہ ڈریسنگ کے لیے سوئیٹر، پلازو، ٹاپ یا شوز وغیرہ کے رنگوں کی ہم آہنگی برقرار رہے۔
نیون
فیشن ایکسپرٹس کی جانب سے نیون کلر کو موسم سرما کے مقبول ٹرینڈ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، لیکن کہا جاتا ہے کہ یہ رنگ پہننا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔ تاہم لازمی نہیں کہ ہر خاتون نیو ن رنگ سے متعلق یہی سوچ رکھے۔ پاکستان کی کامیاب اداکارہ اور سپراسٹار ماہرہ خان نے گزشتہ سال پیرس فیشن ویک میں پاکستا ن کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈریسنگ کے لیے نیون رنگ کا انتخاب کیا تھا۔
مداحوں نے بھی ماہرہ کے اس انداز کو خوب سراہا، ویسے بھی ماہرہ فیشن سینس کے حوالے سے اچھا خاصا علم رکھتی ہیں اور جانتی ہیں کہ ان پر کون سا رنگ جچے گا۔ یہی نہیں، اداکارہ حریم فاروق بھی ریڈ کارپٹ پر ’نیون‘ رنگ کے لباس میں دیکھی گئیں تھیں، جس کے بعد کئی روز تک حریم کا ڈریسنگ اسٹائل مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
چنکی چین اسٹائل
خواتین کا فیشن جیولری کے بنا ادھورا لگتا ہے، سردیوں میں جیولری ٹرینڈ کی بات کریں تو اس موسم میں چنکی چین نیکلس کافی مقبول ہیں۔ نیکلس خواتین کی نیک لائن کو خوبصورت اور پُرکشش دکھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ چین نیکلس کا انتخاب انھیں ماڈرن اور فیشنسٹا خواتین کی صف میں لا کھڑا کرتا ہے۔ تاہم، اس بات کا دھیان رکھنا چاہیے کہ چنکی چین نیکلس مشرقی لباس کے بجائے مغربی طرز کے لباس پر زیادہ جچتا ہے۔
اسنیک اسکن فوٹ ویئر
گزشتہ کئی برسوں سے خواتین میں ٹائیگر (چیتا)پرنٹ خاصا مقبول ہے، پھر چاہے وہ سرد موسم کے لیے ٹائیگر پرنٹڈ جیکٹس کی شکل میں ہو، ٹاپس کی یا جوتوں کی۔ تاہم اس موسم سرما فیشن ڈیزائنرز کی جانب سے ونٹر فوٹ ویئر کے لیے اسنیک اسکن (سانپ کی کھال) کا ٹرینڈ متعارف کروایا گیا ہے۔
فوٹ ویئر کے لیے اس پرنٹ میں بوٹس سے لے کر سینڈل تک ہر اسٹائل موجود ہے۔ آپ بھی ان شوز کو سیاہ یا پھر ٹونل ڈریسنگ کا حصہ بناکر ٹرینڈ سیٹرز خواتین کی فہرست میں شامل ہوسکتی ہیں۔
بکل بیگ
خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ ملبوسات ہی نہیں بلکہ ہینڈ بیگز بھی فیشن کے عین مطابق ہوں۔ تو بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ موسم سرما کے لیے کسی ہینڈ بیگز کو نظرانداز کردیا جائے؟ فیشن ماہرین کی جانب سے سردیوںمیں فیشن ٹرینڈ کے طور پر بکل ہینڈ بیگ (Buckle hand bag)اسٹائل کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ہینڈ بیگ کا یہ اسٹائل ، ان دنوںسب سے ٹرینڈی مانا جارہا ہے۔
0 Comments
Please do not enter any spam link in the comments box
Emoji